مقدمہ درج نہ ہوا تو آئی جی اسلام آباد دفتر کے باہر دھرنے کا اعلان

اسلام آباد: راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (دستور) نے سینئر صحافی اور صدر آر آئی یو جے رانا کوثر کے گھر پر حملے اور رانا عثمان کو حوالات میں بند کیے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دے دیا۔

صحافتی تنظیم نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف فوری طور پر مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کیا جائے، بصورت دیگر آئی جی اسلام آباد کے دفتر کے باہر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔

اس حوالے سے فیصلہ گزشتہ روز نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا، جس میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے صدر نواز رضا اور آر آئی یو جے (برنا) کے صدر طارق عثمانی نے خصوصی شرکت کی۔

اجلاس میں سینئر صحافی رانا کوثر نے اپنے گھر پر ہونے والے حملے کے حوالے سے شرکاء کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر پی ایف یو جے (دستور)، آر آئی یو جے (برنا)، نیشنل پریس کلب اور دیگر صحافتی تنظیموں کے نمائندوں نے رانا کوثر کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

شرکاء اجلاس نے پولیس کی جانب سے مبینہ طور پر مقدمہ درج نہ کیے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ اجلاس میں پولیس اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا کہ واقعے کا فوری مقدمہ درج کرکے ذمہ دار افراد کو گرفتار کیا جائے۔

صحافتی تنظیموں نے واضح کیا کہ اگر 48 گھنٹوں کے اندر مقدمہ درج کرکے ملزمان کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو آئی جی اسلام آباد کے دفتر کے باہر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔