اسلام آباد: نیشنل پریس کلب (این پی سی) اسلام آباد کے صدر عبدالرزاق سیال نے میڈیا انڈسٹری میں جاری بحران اور بے روزگار ہونے والے صحافیوں کی مالی معاونت کے لیے اینڈومنٹ (ویلفیئر) فنڈ قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔

این پی سی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرزاق سیال نے کہا کہ موجودہ قیادت اپنے اراکین کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے اور ویلفیئر فنڈ کا قیام اسی عزم کا مظہر ہے۔

اس موقع پر سینئر صحافی حامد میر نے بھی اپنے قائم کردہ ذاتی ویلفیئر فنڈ کی رقم نیشنل پریس کلب کے اینڈومنٹ فنڈ میں منتقل کرنے کا اعلان کیا تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق صحافیوں کی مدد کی جا سکے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) کے صدر اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سابق صدر محمد نواز رضا نے صحافتی برادری کے اتحاد اور فلاحی اقدامات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا انڈسٹری کو درپیش چیلنجز کے پیش نظر صحافیوں کے لیے مضبوط فلاحی نظام وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اینڈومنٹ فنڈ کے قیام کو خوش آئند اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات بے روزگار اور مشکل حالات کا سامنا کرنے والے صحافیوں کے لیے امید کی کرن ثابت ہوں گے۔

عبدالرزاق سیال نے مزید کہا کہ جلد ہی پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) کے تمام دھڑوں کا اجلاس طلب کیا جائے گا تاکہ تمام صحافتی تنظیموں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کر کے صحافیوں کے حقوق کے مؤثر تحفظ کے لیے مضبوط اور فعال یونین تشکیل دی جا سکے۔