اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری کا استقبال کیا۔

عطااللہ تارڑ کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں جاری اہم اقدامات اور اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ان کی ٹیم کے ساتھ تعاون کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی بلیو اکانومی متحرک اصلاحات کے ذریعے بتدریج سرمایہ کاری، معاشی ترقی اور قومی خوشحالی کے لیے ایک مضبوط انجن کے طور پر ابھر رہی ہے۔

انہوں نے ملاقات کو مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ سمندری معیشت کے شعبے میں اصلاحات اور نئے اقدامات پاکستان کے معاشی مستقبل کے لیے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔