راولپنڈی: سابق صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی سیرت اور کردار کے محض پرچار کے بجائے ان کی زندگی سے عملی رہنمائی حاصل کرنے کی اشد ضرورت ہے، حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے عمل سے قوم کے سامنے قائداعظم کے اصولوں کی پیروی کی مثال قائم کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن فیض الاسلام فیض آباد مرکز میں یوم قائد اور یوم دفاع کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب کی صدارت انجمن فیض الاسلام کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد نے کی، جبکہ سینیئر نائب صدر اظہار فاطمہ، نائب صدر لیفٹیننٹ کرنل (ر) جمیل اطہر، جنرل سیکرٹری پرویز اختر، جوائنٹ سیکرٹری طاہر ضیا اور نعیم اکرم قریشی سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ قائداعظم کی سیرت، کردار اور اصول آج بھی قوم کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہیں، اس لیے ان کے افکار کو صرف تقریبات اور تقاریر تک محدود رکھنے کے بجائے عملی زندگی میں اپنانا چاہیے۔