لاہور: مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان نے 15 نومبر 2026ء کو مینار پاکستان لاہور میں آل پاکستان اہل حدیث کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کردیا۔
کانفرنس کے انتظامات کے لیے امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم کی جانب سے کور کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ کانفرنس کی تیاریوں، انتظامات اور رابطہ عوام مہم کا جائزہ لینے کے لیے مرکز اہل حدیث راوی روڈ لاہور میں امیر سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم کی زیر صدارت کور کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں کانفرنس کے مختلف انتظامی امور، عوامی رابطہ مہم اور جلسہ گاہ کے انتظامات سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے بعد کور کمیٹی کے اراکین نے اقبال پارک، مینار پاکستان گراؤنڈ کا دورہ بھی کیا اور کانفرنس کے لیے جلسہ گاہ کے انتظامات اور دیگر ضروری امور کی منصوبہ بندی کی۔
اس موقع پر مینار پاکستان کے سائے میں مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے ناظم اعلیٰ علامہ عبدالرشید حجازی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کانفرنس کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے تفصیلات بیان کیں۔
مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے مطابق آل پاکستان اہل حدیث کانفرنس میں ملک بھر سے اہل حدیث علماء، رہنما اور کارکنان شرکت کریں گے، جبکہ کانفرنس کے لیے رابطہ عوام مہم بھی جاری رکھی جائے گی۔