اسلام آباد: صحافی ارشاد بھٹی کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن (ر) صفدر نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی شخصیت، گھریلو زندگی اور خاندانی تعلقات کے حوالے سے دلچسپ باتیں شیئر کی ہیں۔

کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی نمایاں خوبی اپنے والدین کے ساتھ عزت و احترام کا رویہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مریم نواز ان کے والدین کا خاص خیال رکھتی تھیں اور ان کی والدہ کے سر میں کنگھی بھی کیا کرتی تھیں۔

انہوں نے اپنے والد کی عادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت زیادہ سگریٹ پیتے تھے، اس لیے مریم نواز ان کے سامنے ڈسٹ بن رکھ دیا کرتی تھیں۔

پوڈکاسٹ کے دوران ارشاد بھٹی نے مریم نواز کی خامیوں کے بارے میں سوال کیا تو کیپٹن (ر) صفدر نے بتایا کہ سیاسی سرگرمیوں کے ابتدائی دور میں وہ جلسوں اور جلوسوں سے گھبراتی تھیں۔ اس موقع پر انہوں نے ہومیوپیتھک ادویات سے متعلق اپنا ذاتی تجربہ بھی بیان کیا۔

مریم نواز کی گھریلو زندگی کا ذکر کرتے ہوئے کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ ہونے کے ساتھ ایک ماں اور بیوی کی ذمہ داریاں بھی نبھا رہی ہیں۔ ان کے مطابق، جب انہیں گھر جانا ہوتا ہے تو مریم نواز پیغام بھیج کر پوچھتی ہیں کہ ان کے لیے کیا پکایا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ مریم نواز ان کی پسند کے کھانوں سے واقف ہیں، جن میں لال لوبیا، سفید چاول اور آلو قیمہ شامل ہیں۔

ارشاد بھٹی کے مریم نواز کے کھانا پکانے سے متعلق سوال پر کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ وہ اچھا کھانا بناتی ہیں، تاہم وزیراعلیٰ بننے کے بعد سے انہوں نے کھانا نہیں بنایا۔

اس موقع پر کیپٹن (ر) صفدر نے ارشاد بھٹی کو اپنے گھر آنے کی دعوت بھی دی اور مریم نواز کے ہاتھ کے کھانے سے ان کی تواضع کرنے کی پیشکش کی۔

کیپٹن (ر) صفدر کی جانب سے مریم نواز کی گھریلو زندگی اور خاندانی تعلقات سے متعلق کیے گئے انکشافات پوڈکاسٹ کی گفتگو کا حصہ ہیں۔