راولپنڈی: مری روڈ پر لگژری گاڑی کے ڈرائیور کی مبینہ خطرناک ڈرائیونگ کا واقعہ، موٹر سائیکل سوار کو گاڑی کے بونٹ پر بٹھا کر سڑک پر گھمانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لگژری گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری، جس کے بعد ڈرائیور نے مبینہ طور پر رکنے کے بجائے فرار ہونے کی کوشش کی۔ حادثے کے دوران موٹر سائیکل گاڑی کے آگے پھنس کر گھسٹتی رہی جبکہ موٹر سائیکل سوار اپنی جان بچانے کے لیے گاڑی کے بونٹ پر سوار ہوگیا۔

ویڈیو میں گاڑی کو موٹر سائیکل سوار سمیت مری روڈ پر چلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس سے اس کی جان کو شدید خطرہ لاحق رہا۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ہٹ اینڈ رن واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

سی پی او نے پولیس کو واقعے میں ملوث افراد کو بلا تاخیر گرفتار کرنے اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے۔ پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔