اسلام آباد (فاروق اقدس): معروف اداکارہ اور میڈیا شخصیت ثمینہ پیرزادہ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی سابق وفاقی وزیر اور 1973ء کے متفقہ آئین کے خالق عبدالحفیظ پیرزادہ سے دو مرتبہ شادی ہوئی تھی۔ پہلی شادی 23 مارچ 1979ء کو اسلام آباد میں ہوئی، جبکہ دوسری شادی 14 جون 1993ء کو تمام شرعی تقاضے پورے کرنے کے بعد انجام پائی۔
ثمینہ پیرزادہ نے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عبدالحفیظ پیرزادہ سے ان کا پہلا نکاح اسلام آباد میں گھر پر سادگی سے ہوا تھا، جس میں دونوں خاندانوں کے افراد اور بعض قریبی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر ممتاز بھٹو اور لیاقت جتوئی نے نکاح کے گواہوں کے طور پر دستخط کیے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ کچھ عرصے بعد ملک کے سیاسی حالات تبدیل ہوگئے، جس کے باعث عبدالحفیظ پیرزادہ نے انہیں امریکہ بھیج دیا، جہاں وہ تقریباً ایک سال مقیم رہیں، جبکہ پیرزادہ صاحب کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا۔ بعد ازاں ان کے درمیان طلاق ہوگئی اور ثمینہ پیرزادہ کی شادی میڈیا کی ایک معروف شخصیت سے ہوگئی۔
ثمینہ پیرزادہ کے مطابق سیاسی حالات معمول پر آنے کے بعد عبدالحفیظ پیرزادہ کی خواہش اور اصرار پر انہوں نے دوبارہ شادی کا فیصلہ کیا۔ اس موقع پر تمام شرعی تقاضے پورے کیے گئے اور 14 جون 1993ء کو دونوں دوبارہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ عبدالحفیظ پیرزادہ کی پہلی اہلیہ سعدیہ پیرزادہ حیات ہیں اور کراچی میں مقیم ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں 1973ء کے متفقہ آئین کی منظوری میں عبدالحفیظ پیرزادہ کے کردار اور قومی اسمبلی میں مولانا شاہ احمد نورانی کی جانب سے انہیں ’’بھٹو کا سوہنا منڈا‘‘ کہنے کے حوالے سے ہونے والی گفتگو کے دوران ثمینہ پیرزادہ سے ان کی دوسری شادی کا تذکرہ بھی سامنے آیا تھا۔