راولپنڈی: ضلعی مجلس شوریٰ جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اقبال احمد خان، قیم جماعت اسلامی پنجاب شمالی نے خصوصی شرکت کی۔

اجلاس میں سابق امیر ضلع سید عارف شیرازی نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور نو منتخب امیر ضلع کو استقامت کی دعاء دی بعد ازاں رضا احمد شاہ نے حلف امارت اٹھا کر مدت دو سال یکم نومبر2026ء تا 31 اکتوبر2028ء تک ذمہ داریوں کا قلمدان سنبھال لیا۔

اس موقع پر اراکین شوریٰ نے جماعتی فیصلوں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور رضا احمد شاہ کی بطور امیر ضلع نامزدگی اور انتخاب پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اپنے خطاب میں اقبال احمد خان نے کہا کہ یہ جماعت کی جمہوری اور شورائیت پر مبنی روایات کا تسلسل ہے کہ سید عارف شیرازی اپنے بہترین دس سالہ دور کی تکمیل کے بعد قیادت میں یہ تبدیلی ہو رہی ہے۔

اجلاس میں محمد عثمان آکاش سیکرٹری ضلع، نائب امراء ضلع، اراکین شوریٰ اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔

طے پایا کہ نو منتخب امیر ضلع رضا احمد شاہ کے اعزاز میں کل بروز اتوار، یکم نومبر2026, شام 5 بجے، کیپری مارکی، راولپنڈی میں استقبالیہ تقریب منعقد ہوگی جس سے امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم ، رضا احمد شاہ اور معززین شہر خطاب کریں گے۔

تقریب میں جماعت کے اراکین و کارکنان کے علاوہ تاجر، وکلاء، طلباء کے نمائندگان اور سول سوسائٹی کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔