بیجنگ: چین کے دارالحکومت بیجنگ میں منعقدہ ورلڈ میڈیا سمٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے صحافی ذکی ڈوگر نے چین کی مہمان نوازی، ثقافت اور جدید ٹیکنالوجی کے تجربات شیئر کر دیے۔

ذکی ڈوگر کو عالمی نیوز ایجنسی شنہوا (Xinhua News Agency) کی دعوت پر سمٹ میں شرکت کا موقع ملا، جس میں 100 سے زائد ممالک سے تعلق رکھنے والے 400 سے 500 صحافیوں، میڈیا نمائندوں، دانشوروں اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔

ذکی ڈوگر کے مطابق عالمی میڈیا سمٹ میں جدید صحافت، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، میڈیا کے بدلتے تقاضوں اور مستقبل کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر انہیں چین کی قدیم تہذیب، ثقافت اور سائنسی و تکنیکی ترقی کو قریب سے دیکھنے کا بھی موقع ملا۔

انہوں نے اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ بیجنگ میں قیام کے دوران ہوٹل کی لابی میں جدید مصنوعی ذہانت سے لیس روبوٹس سے ملاقات ایک منفرد تجربہ تھا۔ اس دوران روبوٹس کے ساتھ دوستانہ رقص نے ان کے سفر کو مزید یادگار بنا دیا۔

ذکی ڈوگر کا کہنا تھا کہ چین نے اپنی قدیم روایات کو برقرار رکھتے ہوئے سائنس، ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے میدان میں نمایاں ترقی کی ہے، جہاں جدید ٹیکنالوجی کو انسانی زندگی میں سہولت اور خوشی کے مواقع پیدا کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ پاکستانی شہری بھی چین کی تعلیمی، سائنسی اور تکنیکی ترقی سے آگاہ ہوں تاکہ پاکستان میں علم، تحقیق اور ترقی کے نئے راستے تلاش کیے جا سکیں۔