اسلام آباد : پاکستانی پاسپورٹ تین درجے ترقی کر کے 100ویں نمبر پر پہنچ گیا، اب شہریوں کو کونسے 30 ممالک میں ویزا فری انٹری ملے گی؟

ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کی سال 2026 کی تازہ ترین رینکنگ میں پاکستانی پاسپورٹ کی درجہ بندی میں نمایاں بہتری آئی، جس کے تحت پاکستانی پاسپورٹ تین درجے ترقی کر کے 100ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے جبکہ گزشتہ سال پاکستانی پاسپورٹ اس فہرست میں 103ویں نمبر پر موجود تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا حالیہ بہتری کے بعد اب پاکستانی پاسپورٹ ہولڈرز دنیا کے 30 ممالک میں بغیر ویزے کے (ویزہ فری یا ویزہ آن ارائیول) سفر کر سکتے ہیں۔

سال 2015 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستانی پاسپورٹ نے دوبارہ 100ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔

آئی اے ٹی اے کے ڈیٹا پر مبنی اس عالمی انڈیکس میں سنگاپور کا پاسپورٹ 192 ویزہ فری ممالک تک رسائی کے ساتھ دنیا کا سب سے طاقتور ترین پاسپورٹ قرار پایا ہے۔

اس کے بعد متحدہ عرب امارات ، جاپان اور جنوبی کوریا مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں جن کے شہریوں کو 188 ممالک میں ویزہ فری داخلے کی سہولت میسر ہے۔ دوسری جانب عراق، شام اور افغانستان فہرست میں سب سے نیچے موجود ہیں۔

پاکستانی شہریوں کے لیے ویزہ فری اور آن ارائیول ممالک کی فہرست

پاکستانی پاسپورٹ پر سفر کرنے والوں کے لیے 30 ممالک ویزے کے بغیر یا ایئرپورٹ پہنچنے پر ویزہ فراہم کرتے ہیں،

جن میں ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ: نیپال، مالدیپ، کمبوڈیا، سری لنکا اور تیمور لیسٹے، افریقہ: کینیا، روانڈا، برونڈی، سیشلز، صومالیہ اور مڈغاسکر ، کیریبین اور دیگر: بارباڈوس، ڈومینیکا، ہیٹی اور ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ترکیہ، ملائیشیا، تھائی لینڈ، قطر اور امارات سمیت 50 سے زائد ممالک پاکستانیوں کو ای-ویزہ کی آن لائن سہولت بھی فراہم کرتے ہیں۔