اسلام آباد: آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیراعظم، مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے سینئر رہنما اور مرکزی نائب صدر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا قیام اللہ تعالیٰ کی تائید و نصرت اور قائداعظم محمد علی جناح کی مومنانہ قیادت، بصیرت اور انتھک جدوجہد کا نتیجہ ہے، جبکہ قیام پاکستان کے لیے برصغیر کے مسلمانوں نے بے مثال قربانیاں دیں جنہیں تاریخ کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔
یومِ آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ آج آزادی کا جشن مناتے ہوئے ہمیں ان عظیم قربانیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے جو مسلمانوں نے پاکستان کے حصول کے لیے دیں۔ 1946 کے انتخابات کے موقع پر مسلمانوں کا ایک ہی نعرہ تھا کہ "بٹ کے رہے گا ہندوستان، بن کے رہے گا پاکستان” اور اسی جدوجہد و عزم کے نتیجے میں پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک آزاد ملک کی حیثیت سے معرضِ وجود میں آیا۔
انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کی جدوجہد میں ان علاقوں کے مسلمانوں نے بھی بھرپور کردار ادا کیا جنہیں معلوم تھا کہ تقسیم کے بعد ممکن ہے وہ پاکستان کا حصہ نہ بن سکیں، لیکن اس کے باوجود انہوں نے پاکستان کے قیام کے لیے اپنا سب کچھ قربان کردیا۔
راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ قیام پاکستان کے دوران لاکھوں افراد شہید ہوئے، بنگال سے پنجاب تک مسلمانوں نے عظیم قربانیاں دیں، جبکہ صرف پنجاب میں 55 ہزار ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی قربانیوں کا ذکر تاریخ میں ملتا ہے۔ 1947 میں دنیا کی تاریخ کی سب سے بڑی ہجرت ہوئی، جس کے دوران لاکھوں مسلمانوں نے اپنے گھر بار چھوڑ کر پاکستان کا رخ کیا۔
انہوں نے قیام پاکستان کے لیے قربانیاں دینے والی ماؤں، بہنوں، بیٹیوں اور دیگر تمام افراد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کی نعمت ہمیں ان عظیم قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوئی ہے۔
سابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے اور ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے۔ نوجوان نسل ملک کو مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ پاکستان کو مشکلات ضرور درپیش ہیں، تاہم قوم بالخصوص نوجوان اپنے عزم، محنت اور اتحاد کے ذریعے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آزادی کی اہمیت کو سمجھنے کے لیے بھارت میں مسلمانوں کی موجودہ صورتحال کا بھی جائزہ لینا چاہیے۔ پاکستان کے قیام نے برصغیر کے مسلمانوں کو آزاد ماحول میں اپنی زندگی گزارنے کا موقع فراہم کیا اور یہ آزادی ہمارے لیے اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے۔
راجہ فاروق حیدر نے مکہ ڈیکلریشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں یہ ایک جامع منصوبہ بندی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو نہ صرف اسلامی امہ بلکہ دنیا بھر میں ایک عظیم مقام عطا کیا ہے اور پاکستان کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی حفاظت کی سعادت بھی حاصل ہوئی ہے۔
انہوں نے قوم پر زور دیا کہ یومِ آزادی کو صرف جشن کے طور پر منانے کے بجائے اس دن کے حقیقی مقصد، قیام پاکستان کے لیے دی جانے والی قربانیوں اور ملک کی تعمیر و ترقی کے عزم کو بھی سامنے رکھا جائے۔