پاکستان نے خطے میں امن و استحکام اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے قابلِ تحسین سفارتی اقدامات کیے ہیں، میٹ دی پریس سے خطاب

اسلام آباد: پاکستان میں جرمنی کی سفیر ڈاکٹر اِنّا لیپل نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کا دورہ کیا اور پریس کلب کے بین الاقوامی روابط کے اقدام ’’میٹ دی پریس‘‘ کے تحت صحافیوں کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں شرکت کی۔ جرمن سفیر کا نیشنل پریس کلب آمد پر صدر عبدالرزاق سیال، سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ، گورننگ باڈی کے اراکین اور سینئر صحافیوں نے پرتپاک استقبال کیا۔ دورے کے دوران سفیرِ جرمنی نے پریس کلب کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور کلب کے احاطے میں پاک جرمن دوستی اور ماحولیاتی پائیداری کی علامت کے طور پر پودا بھی لگایا۔

صدر نیشنل پریس کلب عبدالرزاق سیال نے جرمن سفیر کو خوش آمدید کہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سفارت کاروں اور صحافتی برادری کے درمیان روابط کا یہ سلسلہ آئندہ بھی برقرار رہے گا۔ اس موقع پر سیکرٹری نیشنل پریس کلب ڈاکٹر فرقان راؤ نے جرمن سفیر کو کلب کی تاریخ، صحافتی سرگرمیوں، ادارہ جاتی کردار اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی پاکستان کا ایک اہم ترقیاتی شراکت دار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت، تعلیم، ترقیاتی منصوبوں اور جمہوری اداروں کے استحکام سمیت مختلف شعبوں میں دیرینہ تعاون موجود ہے۔ جرمنی پاکستانی نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع اور وظائف فراہم کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

’’میٹ دی پریس‘‘ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے جرمن سفیر ڈاکٹر اِنّا لیپل نے پاکستان اور جرمنی کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو اجاگر کیا اور دوطرفہ تجارت میں نمایاں انسلاک و اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ کئی برس گزرنے کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں مطلوبہ اضافہ نہیں ہو سکا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ 2017ء میں بھی پاکستان میں خدمات انجام دے چکی ہیں اور اب دوبارہ بطور سفیر پاکستان آئی ہیں، تاہم یہ امر افسوسناک ہے کہ اس عرصے کے دوران دوطرفہ تجارت کے حجم میں کوئی خاطر خواہ بہتری نہیں آئی۔ انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک میں معاشی ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں، جن سے فائدہ اٹھانے کے لیے تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کو فروغ دینا ہوگا تاکہ دونوں ممالک یکساں مستفید ہو سکیں۔

علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے جرمن سفیر نے خطے میں کشیدگی کم کرنے، بالخصوص امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ تناؤ کے تناظر میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امن، استحکام اور مذاکرات کے فروغ کے لیے قابلِ تحسین اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی ان کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جن کا مقصد تنازعات کا پرامن حل تلاش کرنا اور خطے کو عدم استحکام سے بچانا ہے، کیونکہ سفارت کاری ہی تنازعات سے بچنے کا بہترین راستہ ہے۔

یوکرین کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے جرمن سفیر نے روسی فوجی کارروائیوں پر شدید تنقید کی اور یوکرین کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی اور یورپی برادری یوکرین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ روس کو معصوم شہریوں کا قتل عام بند کر کے امن، خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کا احترام کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یورپی ممالک یوکرین کی سیاسی، اقتصادی اور انسانی بنیادوں پر مسلسل حمایت کر رہے ہیں۔

پاکستانی طلبہ کے لیے جرمنی میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر اِنّا لیپل نے کہا کہ معیاری تعلیمی اداروں اور تحقیق کے وسیع مواقع کی بدولت جرمنی پاکستانی طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم کا پسندیدہ ترین ملک بن چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جرمنی نے پاکستانی طلبہ کے لیے جاری کیے جانے والے ویزوں کی تعداد میں اضافہ کیا ہے، تاہم درخواستوں کی غیر معمولی تعداد کے باعث بعض اوقات ویزا پراسیسنگ میں تاخیر ہو جاتی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جرمن حکام اس طریقہ کار کو آسان، مؤثر اور تیز رفتار بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔

تقریب کے دوران صحافیوں کے ساتھ ہونے والی خصوصی گفتگو اور سوال و جواب کے سیشن میں راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (RIUJ) کے صدر طارق عثمانی نے جرمن سفیر ڈاکٹر اِنّا لیپل کا پریس کلب آمد پر خصوصی شکریہ ادا کیا، جبکہ جرمنی کے شہر فرینکفرٹ سے آئے ہوئے مہمان سینئر صحافی اعجاز پیارا نے بھی اس نشست میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر صحافیوں نے پاکستان اور جرمنی کے دوطرفہ تعلقات، تعلیمی مواقع، علاقائی سلامتی اور عالمی حالات سے متعلق مختلف سوالات کیے، جن کے جرمن سفیر نے تفصیلی جوابات دیے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں میڈیا، عوامی روابط اور تعلیمی تبادلوں کا کردار انتہائی اہم ہے۔

دورے کے اختتام پر صدر نیشنل پریس کلب عبدالرزاق سیال نے جرمن سفیر کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ نیشنل پریس کلب سفارت کاروں، پالیسی سازوں اور صحافیوں کے درمیان بامقصد مکالمے اور روابط کے فروغ کے لیے اپنا متحرک کردار ادا کرتا رہے گا۔