اسلام آباد: پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر سینیٹر کیپٹن (ر) شاہین خالد بٹ کی جانب سے ادارے کے ہیڈ آفس اسلام آباد میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا، جس میں ادارے کے سابق منیجنگ ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔
تقریب میں سابق منیجنگ ڈائریکٹرز بریگیڈیئر (ر) محمد سرفراز، زمرد خان، بیرسٹر عابد وحید شیخ اور عامر فدا پراچہ شریک ہوئے۔ اس موقع پر پاکستان بیت المال کی سابق اور موجودہ قیادت ایک ہی چھت تلے جمع ہوئی، جسے ادارے کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا منفرد اجتماع قرار دیا گیا۔
ظہرانے کے دوران ادارے کی سابق قیادت کے تجربات، مشاہدات اور خدمات سے استفادہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر اس امر کو اجاگر کیا گیا کہ سابق سربراہان کے تجربات نئی قیادت کے لیے رہنمائی کا ذریعہ بن سکتے ہیں اور ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
اس اجتماع کو ادارے میں باہمی رابطے، تجربات کے تبادلے اور ادارہ جاتی روایات کے فروغ کی جانب ایک اہم اقدام قرار دیا گیا۔