اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو ترقی یافتہ اور فلاحی ریاست بنانا قائداعظم محمد علی جناحؒ کی سیاسی میراث کا اولین مقصد ہے، جبکہ ملک کی ترقی، خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود پوری قوم کی مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے۔

قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 78ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم بانی پاکستان کی بصیرت افروز قیادت، سیاسی حکمت عملی اور بے لوث قومی رہنمائی کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے انتہائی نامساعد حالات میں برصغیر کے مسلمانوں کے لیے آزاد مملکت کی راہ ہموار کی اور مسلمانوں کو اپنی مذہبی، تہذیبی اور نظریاتی شناخت کے تحفظ کے لیے متحد ہو کر جدوجہد کا عزم دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ قائداعظم کی سیاسی بصیرت، دوراندیشی اور قائدانہ صلاحیتوں کے باعث تحریک آزادی کامیاب ہوئی اور مسلمانوں کے سیاسی، مذہبی، معاشی و معاشرتی حقوق کے تحفظ کی ضمانت دینے والی آزاد ریاست پاکستان وجود میں آئی۔

وزیراعظم کے مطابق قائداعظم نے قیام پاکستان کے بعد درپیش انتظامی و مالیاتی مشکلات، لاکھوں افراد کی ہجرت اور نظام حکومت چلانے جیسے بڑے چیلنجز کا بھی مدبرانہ انداز میں سامنا کیا۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے واضح کیا تھا کہ ریاست پاکستان اسلامی اصولوں پر قائم ہوگی اور تمام شہریوں کو بلاامتیاز رنگ و نسل مذہبی و شہری آزادی، مساوی بنیادی حقوق اور فرائض حاصل ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج کا دن اس عزم کی تجدید کا تقاضا کرتا ہے کہ قوم قائداعظم کے اصولوں ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط پر غیرمتزلزل طور پر کاربند رہے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی میراث کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ قومی یکجہتی، معاشرتی ہم آہنگی اور معاشی استحکام کے لیے مل کر کام کرنا ہے تاکہ آنے والی نسلوں کو ایسا پاکستان ملے جو بانی پاکستان کے افکار و نظریات کا حقیقی عکاس ہو۔

وزیراعظم نے آخر میں قائداعظم محمد علی جناحؒ کے بلند درجات کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ بانی پاکستان کو اپنی جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔