اسلام آباد: جماعت اسلامی کے سینئر رہنما اور مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید فراست علی شاہ نے وزیراعظم شہباز شریف کے سامنے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 49 روپے تک فوری کمی کا ایک تکنیکی فارمولا پیش کیا تھا، جس پر ابتدائی طور پر وزیراعظم نے متعلقہ وزارت کو باقاعدہ کام کرنے کی ہدایت بھی کی تھی۔
ڈاکٹر عبدالباسط خان کی جانب سے شیئر کی گئی تفصیلات کے مطابق سید فراست علی شاہ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر انجینئر حافظ نعیم الرحمٰن کے ٹیکنیکل ایڈوائزر بھی ہیں۔ وہ آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) میں ایک شعبے کے سربراہ رہ چکے ہیں، جبکہ بلوچستان انرجی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کی ذمہ داریاں بھی نبھا چکے ہیں۔ وہ اس وقت ایک بین الاقوامی ادارے میں کنٹری ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
تحریر کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے وزیراعظم آفس میں ہونے والی ملاقات اور جماعت اسلامی و حکومتی وفود کے درمیان مذاکرات میں سید فراست علی شاہ بھی شریک تھے، جہاں انہوں نے پیٹرول کی قیمت میں 49 روپے فی لیٹر تک کمی کے لیے ایک تکنیکی تجویز پیش کی۔
انہوں نے وزیراعظم سے درخواست کی تھی کہ متعلقہ وزارتوں اور محکموں کو چار سے پانچ روز کا وقت دیا جائے تاکہ اس تجویز کا جائزہ لے کر ایک ہفتے کے اندر مکمل منصوبہ پیش کیا جا سکے۔ وزیراعظم نے متعلقہ وزارت کو ہدایت کی کہ سید فراست علی شاہ سے اس تجویز کا باضابطہ پروپوزل حاصل کرکے اس پر کام کیا جائے۔
ڈاکٹر عبدالباسط خان کے مطابق اگلے ہی روز یہ پروپوزل متعلقہ حکام کو بھجوا دیا گیا، تاہم بعد ازاں سرکاری سطح پر اس معاملے میں تاخیر شروع ہوگئی۔ وزارت کی جانب سے وزیراعظم کو تجویز دی گئی کہ فی الحال پیٹرول کی قیمت میں روزانہ تین سے چار روپے کمی کی جائے، لیکن وزیراعظم نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ اس معاملے میں پہلے ہی وعدہ کر چکے ہیں، اس لیے ابتدائی پروپوزل پر ہی کام کیا جائے۔
تحریر میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے مطالبات کی منظوری کے لیے الٹی میٹم دیے جانے کے بعد حکومتی سطح پر پیش رفت تیز ہوئی اور بالآخر سید فراست علی شاہ کی تجویز کی بنیاد پر پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے کمی کی سفارش پیش کی گئی، جبکہ مزید 34 روپے کمی کے لیے اضافی تکنیکی مشاورت اور ورکنگ کی ضرورت ظاہر کی گئی۔
ڈاکٹر عبدالباسط خان نے سرکاری نظام میں تاخیر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوامی ریلیف کے لیے پیش کی جانے والی قابلِ عمل تجاویز اکثر بیوروکریسی کی سست روی اور فائلوں کی گردش کی نذر ہو جاتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے صرف سیاسی وعدے کافی نہیں بلکہ تجربہ کار اور تکنیکی ماہرین کی تجاویز پر بروقت عمل درآمد بھی ضروری ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر پیٹرول کی قیمت میں 49 روپے فی لیٹر کمی کی گنجائش موجود تھی تو متعلقہ اداروں نے اس تجویز پر بروقت اور مکمل عمل درآمد کیوں نہیں کیا؟