اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے اہم کشمیر چوک، جسے ڈھوکری چوک بھی کہا جاتا ہے، پر انڈر پاس کی تعمیر کا کام 27 ستمبر کے بعد شروع کیے جانے کا امکان ہے۔

سی ڈی اے حکام کے مطابق منصوبے کا ٹینڈر منظور کرلیا گیا ہے جبکہ تعمیراتی کام سے قبل ابتدائی تیاریاں بھی شروع کردی گئی ہیں۔ منصوبے کا ٹھیکہ حبیب کنسٹرکشن سروسز (HCS) کو دیا گیا ہے، جس کی مالی پیشکش ایک ارب 45 کروڑ روپے رہی، جبکہ منصوبے کی تخمینی لاگت ایک ارب 48 کروڑ 60 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے کی جگہ پر صفائی اور دیگر ابتدائی کام جاری ہیں، جبکہ تعمیر شروع کرنے سے قبل ٹریفک کے متبادل انتظامات اور یوٹیلیٹی سروسز کی منتقلی کا عمل بھی مکمل کیا جائے گا۔

ٹینڈر دستاویزات کے مطابق کشمیر چوک انڈر پاس کی تعمیر کے لیے 90 دن کی مدت مقرر کی گئی ہے، تاہم ذرائع کے مطابق سی ڈی اے فاسٹ ٹریک منصوبے کے تحت تعمیراتی کام تقریباً دو ماہ میں مکمل کرانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

کشمیر چوک انڈر پاس مری روڈ پر اسلام آباد کلب کے قریب تعمیر کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت سرینا کی جانب سے راولپنڈی جانے والی ٹریفک انڈر پاس سے گزرے گی، جبکہ مری کی جانب جانے والی گاڑیاں انڈر پاس کی چھت سے سفر کریں گی۔

انڈر پاس کا ڈیزائن نیسپاک کی لاہور ٹیم نے تیار کیا ہے۔ حکام کے مطابق کوشش کی جائے گی کہ منصوبہ منظور شدہ لاگت کے اندر مکمل کیا جائے اور غیر ضروری تبدیلیوں سے گریز کیا جائے تاکہ اضافی اخراجات سے بچا جاسکے۔