اسلام آباد: وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے گلگت بلتستان کے عوام کو 79ویں یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت علاقے کی تعمیر و ترقی کو اولین ترجیح دیتی ہے اور گلگت بلتستان کی حکومت کے ساتھ مل کر ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری رکھے گی۔
یکم نومبر کو گلگت بلتستان کے یوم آزادی کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں امیر مقام نے کہا کہ یہ خطے کے عوام کے لیے منفرد اعزاز ہے کہ وہ سال میں دو مرتبہ یوم آزادی مناتے ہیں، ایک 14 اگست کو اور دوسرا یکم نومبر کو۔ انہوں نے کہا کہ یکم نومبر گلگت بلتستان کی تاریخ کا اہم دن ہے، جب اس خطے کے عوام نے آزادی حاصل کرکے پاکستان کے ساتھ الحاق کیا۔
وفاقی وزیر نے اس موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام کو بھی یاد کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ آٹھ دہائیوں سے حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
انجینئر امیر مقام نے افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج ملک کی سرحدوں اور خودمختاری کا تحفظ کر رہی ہیں اور دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی دشمن نے سرحدوں پر جارحیت کی کوشش کی، پاکستان کی بہادر افواج نے اس کے عزائم ناکام بنائے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان سی پیک کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل خطہ ہے اور یہاں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ وفاقی حکومت علاقے میں سیاحت کے فروغ کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرے گی تاکہ اس کی عالمی سطح پر اہمیت کو مزید اجاگر کیا جا سکے۔
امیر مقام کا کہنا تھا کہ نوجوان گلگت بلتستان کا مستقبل ہیں اور پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے سابقہ ادوار میں علاقے میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے۔ موجودہ وفاقی حکومت بھی گلگت بلتستان کی حکومت کے ساتھ مل کر عوام کی خوشحالی اور علاقے کی ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گلگت بلتستان اور پاکستان کی ترقی کے لیے تمام طبقات کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا۔