چنیوٹ: مسلم ليگ (ن) کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے نئے صوبوں کے قیام سے پہلے عوامی رائے لینے کا مطالبہ کردیا۔

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے چنیوٹ میں گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ پنجاب سمیت دیگر  علاقوں میں نئے صوبوں کا فیصلہ بھی ریفرنڈم کے ذریعے ہونا چاہیے۔

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہا کہ وہ نئے صوبوں کے مخالف نہیں مگر یہ وقت نئے صوبوں کی بات کا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا ہزارہ صوبہ دیرینہ مطالبہ ہے، کون سا ضلع کس صوبے کا حصہ بنے گا، اس کا فیصلہ بھی عوامی رائے سے کیا جائے جبکہ صوبوں کی حدود کے تعین کے لیے قومی سطح پر کمیٹی یا جرگہ تشکیل دیا جائے۔

کیپٹن صفدر کے مطابق اس معاملے پر پارلیمنٹ سے پہلے قوم کی رائے معلوم اور سیاسی قیادت، علماء اور عوام کے درمیان مشاورت ضروری ہے۔

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نےکہا مولانا فضل الرحمان اور دیگر قیادت کو مشاورت میں شامل کیا جائے، ہزارہ اور تمام علاقوں کے مستقبل کا فیصلہ براہِ راست ووٹ سے ہونا چاہیے۔