لاہور: پنجاب میں 16 سال سے کم عمر بچوں کی سوشل میڈیا تک رسائی محدود کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔
قرارداد چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب کی چیئرپرسن ایم پی اے سارہ احمد نے جمع کرائی ہے۔
سارہ احمد کے مطابق اس قرارداد کا مقصد بچوں کو سوشل میڈیا کے مضر اثرات، سائبر بُلنگ، آن لائن استحصال اور غیر اخلاقی مواد سے محفوظ بنانا ہے۔
قرارداد میں 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے استعمال سے متعلق مؤثر قانونی اقدامات اور عمر کی تصدیق کا نظام متعارف کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اب تک آسٹریلیا، فرانس، چین اور امریکا سمیت کئی ملک ایسے قوانین متعارف کراچکے ہیں۔