اسلام آباد: کیپٹن (ر) صفدر حسین اور میزبان ارشاد بھٹی کے درمیان پوڈ کاسٹ میں ہونے والی دلچسپ گفتگو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہی ہے۔
پوڈ کاسٹ کے دوران کیپٹن (ر) صفدر نے ارشاد بھٹی سے سوال کیا کہ 1965ء میں ان کی عمر کتنی تھی؟ اس پر ارشاد بھٹی نے جواب دیا کہ وہ اس وقت پیدا ہی نہیں ہوئے تھے، جس پر کیپٹن صفدر نے برجستہ انداز میں کہا، ’’اب میں کیا بات کروں؟‘‘
گفتگو کے دوران کیپٹن (ر) صفدر نے اتفاق فاؤنڈریز کی پاکستان کے لیے خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ادارے نے ملک کی بہت خدمت کی اور 1971ء کی جنگ کے دوران بھی اہم کردار ادا کیا۔
ان کے مطابق اتفاق فاؤنڈریز نے جنگ کے دوران موٹریں، بیرل، خول سمیت متعدد اشیا تیار کرکے فراہم کیں اور یہ خدمات بغیر معاوضے کے انجام دی گئیں۔
کیپٹن (ر) صفدر نے مزید کہا کہ اتفاق فاؤنڈریز کے پاس ان خدمات کے سرٹیفکیٹس بھی موجود تھے، جو ان کے بقول ادارے کی قومی خدمات کا ثبوت تھے۔
کیپٹن (ر) صفدر کے منفرد اندازِ گفتگو اور برجستہ جملے کے باعث پوڈ کاسٹ کا یہ حصہ سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر رہا ہے۔