اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر نے جمعہ کو دفتر خارجہ میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعاون سمیت خطے کی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم نے پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں ہونے والی مثبت پیش رفت کو سراہا اور پائیدار امن کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ 18 جون کے اسلام آباد مفاہمت نامے پر من وعن اور اس کی روح کے مطابق عملدرآمد ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ اس دوران پاکستان اپنے قومی مفادات کا بھرپور تحفظ بھی جاری رکھے گا۔
امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور نائب وزیراعظم کو پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔