اسلام آباد: حکومت نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کے منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق منصوبے کے تحت ڈسکوز کے اراضی اثاثے حکومتی ملکیتی کمپنی پاور ہولڈنگ کمپنی کو بطور ہولڈنگ کمپنی منتقل کیے جائیں گے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے متعلقہ حکام کو منصوبے پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا نجکاری کا اقدام ڈسکوز کی خدمات کے معیار میں بہتری اور بجلی کے شعبے میں نقصانات میں کمی لانے میں معاون ثابت ہوگا۔
بیان کے مطابق نجکاری کا منصوبہ سکیم آف ارینجمنٹ (SOA) کے ذریعے نافذ کیا جائے گا، جسے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) میں جمع کرایا جائے گا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے، معاون خصوصی طارق باجوہ سمیت توانائی، نجکاری، خزانہ، تجارت اور اقتصادی امور سے متعلق اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈسکوز کی نجکاری کے عمل، اثاثوں کی منتقلی اور متعلقہ انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔