اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پمز آتشزدگی کے دوران اپنی جان خطرے میں ڈال کر نومولود کی جان بچانے والی نرس رضیہ نورین سے ملاقات کی اور ان کی بہادری و جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ رضیہ نورین کو ان کی خدمات کے اعتراف میں 23 مارچ کو قومی اعزاز سے نوازا جائے گا، جبکہ انہیں ایک کروڑ روپے کا انعام بھی دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو رضیہ نورین کی بہادری پر فخر ہے اور ان کا کارنامہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔
نرس رضیہ نورین نے وزیراعظم کو بتایا کہ آگ دیکھ کر وہ اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر اندر داخل ہوئیں اور نومولود بچی آصفہ کو بحفاظت باہر نکال کر ڈاکٹر کے حوالے کیا۔ انہوں نے دیگر بچوں کو بچانے کی بھی کوشش کی، تاہم آگ تیزی سے پھیلنے اور دھویں کے باعث مزید کارروائی ممکن نہ ہوسکی۔
وزیراعظم نے پمز آتشزدگی کو انتہائی دلخراش واقعہ قرار دیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے وزارتِ صحت کو پمز میں سہولیات بہتر بنانے اور مسائل کے فوری حل کے لیے بھی اقدامات کی ہدایت کی۔