راولپنڈی: چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے جامعہ رضویہ ضیاءالعلوم، سیٹلائٹ ٹاؤن راولپنڈی کا دورہ کیا اور علامہ پیر سید حسین الدین شاہ چشتی قادری رحمۃ اللہ علیہ کے انتقال پر ان کے صاحبزادے شیخ الحدیث ابوالتراب سید حبیب الحق شاہ ضیائی سلطانپوری سے تعزیت کی۔
پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مرحوم کے لیے مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ پیر سید حسین الدین شاہ چشتی قادری ایک عالم شخصیت تھے جنہوں نے اپنی زندگی دینِ اسلام اور انسانیت کی خدمت میں گزاری۔ انہوں نے اہل خانہ، مریدین، متوسلین اور تلامذہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر انہوں نے شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی مختلف کتب بطور تحفہ پیش کیں، جن میں The Manifest Qur’an، عرفان القرآن، قرآنک انسائیکلوپیڈیا، المنہاج السوی من الحدیث النبوی ﷺ، الفتح الکبیر فی علوم التفسیر، دستورِ مدینہ اور فلاحی ریاست کا تصور، سورۃ یوسف: قیادت اور حکمرانی کے قرآنی اصول، سورۃ کہف لیڈرشپ، The Divine Alchemy of Leadership، قرآن آن مینجمنٹ اور آدابِ اختلاف سمیت دیگر کتب شامل تھیں۔
اس موقع پر جامعہ رضویہ ضیاءالعلوم کے ناظمِ اعلیٰ علامہ پیر سید شہاب الدین شاہ کاظمی سلطانپوری، علامہ مفتی محمد حنیف قریشی قادری، ڈاکٹر محمد رفیق نجم، کرنل ر خالد جاوید، قاضی فیض الاسلام، سید محمود الحسن جعفری اور تنظیم علماء ضیاءالعلوم کے دیگر علما و اراکین بھی موجود تھے۔