اسلام آباد : امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر ملک کے دیگر حصوں کی طر ح راولپنڈی میں بھی جماعت اسلامی پنجاب کے تحت پیٹرولیم مصنوعات پر ناجائز بھتہ لیوی ٹیکس اور حکومت کی ظالمانہ عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف 9 ستمبر سے مری روڈ لیاقت باغ کے سامنے احتجاجی دھرنے کا آغاز کیا جا ئے گا، دھر نے میں راولپنڈی اور اس کے گردونواح سے عوام الناس اور کارکنان جماعت روزانہ کی بنیاد پر شر یک ہوں گے،ان خیالات کا اظہار انھوں نے دفتر جماعت اسلامی راولپنڈی میں ضلع راولپنڈی،ضلع مری اور راولپنڈی سٹی کے امرائے زون، صدور جے آئی یوتھ، ضلع منتظم طلبہ عربیہ اور ضلعی ناظم اسلامی جمعیت طلبہ سمیت دیگر ذمہ داران کے اجلا س سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پنجاب شمالی اقبال خان، امرائے اضلاع سید عارف شیرازی، راجہ جواد، غلام احمد عباسی بھی موجود تھے۔

امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پنجاب شمالی اقبال خان، نائب امیر صوبہ حافظ تنویر احمد، نائب قیمین صوبہ راجہ ممتاز حسین، میاں یاسر علی گجر اور انعام الحق اعوان پر مشتمل راولپنڈی دھر نے کی اسٹیئرنگ کمیٹی بھی قائم کی، ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا موجود حکومت نے لیوی بھتہ کی مد میں اب تک چار ہزار ارب کا ڈاکہ غریب اور عام آدمی جیب پر ڈالا ہے، ان کی اپنی عیاشیاں جاری ہیں، افسر شاہی کنالوں پر مشتمل گھروں میں سرکاری گاڑیوں اور نوکروں چاکروں کی بے پناہ سہولیات سے لطف اٹھا رہے ہیں، وسائل پر جاگیرداروں، وڈیروں اور خاندانوں پر مشتمل سیاسی پارٹیوں قابض ہیں جنہیں مقتدرہ نے قوم پر مسلط کیا ہے