اسلام آباد: وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام سے مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر کے سینئر رہنما نجیب نقی نے ملاقات کی اور ان کی عیادت کرتے ہوئے جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

ملاقات کے دوران نجیب نقی نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں بھرپور انتخابی مہم چلانے پر انجینئر امیر مقام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ امیر مقام کی دو سالہ مسلسل محنت کے نتیجے میں آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کو تاریخی کامیابی حاصل ہوئی۔

نجیب نقی کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر نے قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کے وژن کے مطابق آزاد کشمیر بھر میں ان کا پیغام گھر گھر پہنچایا اور پارٹی کی انتخابی مہم کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا۔

اس موقع پر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر میں تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔ آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ ن کو تاریخی مینڈیٹ دیا، جس پر وہ عوام کے شکر گزار ہیں۔

وفاقی وزیر امور کشمیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت آزاد جموں و کشمیر کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔