اسلام آباد: کیپٹن محمد سہیل چوہدری نے بطور آئی جی اسلام آباد اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا۔ نئے آئی جی اسلام آباد کی سنٹرل پولیس آفس آمد پر افسران اور جوانوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔
اس موقع پر سنٹرل پولیس آفس میں کمان کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ کیپٹن محمد سہیل چوہدری نے پولیس افسران سے تعارفی ملاقاتیں کیں اور پیشہ ورانہ امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی۔ انہوں نے سنٹرل پولیس آفس کے اسٹاف سے بھی ملاقات کی اور مختلف انتظامی امور پر گفتگو کی۔
نئے آئی جی اسلام آباد نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور اسلام آباد پولیس ان کے مشن کو آگے بڑھائے گی۔
کیپٹن محمد سہیل چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد میں امن و امان کا قیام اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ شہریوں کو بروقت اور مؤثر پولیس خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، جبکہ میرٹ، شفافیت اور قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے، جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ ٹریفک نظام اور عوامی سہولیات میں بھی مزید بہتری لائی جائے گی۔
آئی جی اسلام آباد نے افسران اور جوانوں پر زور دیا کہ وہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ رویے کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے پولیسنگ کے نظام کو بہتر اور احتساب و نظم و ضبط کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔