کاغان: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے ناران کا دورہ مکمل کرنے کے بعد کاغان میں سابق صوبائی وزیر اور معروف سیاسی و سماجی شخصیت سید اختر حسین شاہ مرحوم کے گھر پہنچ کر فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر سابق سینیٹر ریٹائرڈ جنرل صلاح الدین بھی موجود تھے۔ نواز شریف نے سید اختر حسین شاہ کے انتقال پر اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

میاں نواز شریف نے اہل خانہ کے لیے صبر و حوصلے کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی وفات اہل خانہ اور ان کے حلقہ احباب کے لیے بڑا صدمہ ہے۔

اس موقع پر اہل خانہ نے نواز شریف کی آمد اور اظہارِ تعزیت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ کاغان ویلی میں نواز شریف کی آمد اور مرحوم کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کو اہم موقع قرار دیا گیا۔