لاہور: جماعت اسلامی پاکستان کے سابق نائب امیر، ممتاز عالم دین، خطیب اور متعدد کتب کے مصنف حافظ محمد ادریس رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے۔ وہ ڈاکٹرز ہسپتال میں زیر علاج تھے اور طویل عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔

حافظ محمد ادریس نے طویل علالت کے دوران نہایت حوصلے اور صبر کا مظاہرہ کیا۔ ان کا شمار جماعت اسلامی کے نظریاتی، فکری اور تحریکی رہنماؤں میں ہوتا تھا۔

مرحوم نے سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد کے دور میں امیر جماعت اسلامی پنجاب اور نائب امیر جماعت اسلامی سمیت مختلف اہم ذمہ داریاں انجام دیں اور تحریک اسلامی کے لیے طویل عرصے تک خدمات سرانجام دیں۔

حافظ محمد ادریس اپنی مؤثر خطابت، فکری تحریروں اور دینی و تحریکی خدمات کے باعث نمایاں مقام رکھتے تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی قرآن و سنت کے پیغام، اقامت دین کی جدوجہد اور نوجوان نسل کی فکری و دینی تربیت کے لیے وقف کیے رکھی۔

جماعت اسلامی کے رہنماؤں اور کارکنان نے حافظ محمد ادریس کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی وفات تحریک اسلامی کے لیے بڑا نقصان اور ایک ایسا خلا ہے جسے طویل عرصے تک محسوس کیا جائے گا۔

مرحوم کی نماز جنازہ آج رات 8 بجے بعد نماز عشاء منصورہ میں ادا کی جائے گی۔

جماعت اسلامی کی جانب سے مرحوم کے لیے مغفرت، بلندی درجات اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی ہے۔