اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وطن کے بہادر سپوت شہید کیپٹن حمزہ اکرم کی رہائش گاہ پہنچ کر ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور شہید کے والد اور بھائی سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

وزیر داخلہ نے شہید کیپٹن حمزہ اکرم کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ان کے والد کے بلند حوصلے اور جذبہ حب الوطنی کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر شہید کیپٹن حمزہ اکرم کے والد نے کہا کہ ان کا بیٹا پاکستان پر قربان ہوا ہے اور ان کا دوسرا بیٹا بھی ملک کے لیے حاضر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید حمزہ نے ان کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔

شہید کے والد کا کہنا تھا کہ ’’پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان نہیں تو کچھ نہیں۔‘‘

محسن نقوی نے شہید کے والد کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ عظیم والد کے حوصلے پر پوری قوم کو ناز ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن حمزہ اکرم کا بلند جذبہ اور غیر معمولی جرأت قوم کی اصل طاقت ہے۔

وزیر داخلہ کے مطابق کیپٹن حمزہ اکرم نے ہنگو میں خوارجیوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے سات خوارجیوں کو ہلاک کیا اور جرأت و بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کی۔

محسن نقوی نے کہا کہ شہید کیپٹن حمزہ اکرم سمیت ہر شہید کے خون کا ایک ایک قطرہ وطن کے تحفظ کی ضمانت ہے۔ قوم شہید کیپٹن حمزہ اکرم اور ان کے خاندان کی قربانیوں کا قرض ادا نہیں کرسکتی۔

انہوں نے کہا کہ شہید کیپٹن حمزہ اکرم قوم کے دلوں میں زندہ ہیں اور ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ کیپٹن حمزہ اکرم ہنگو میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔