اسلام آباد: سینئر صحافی بشیر چوہدری نے جماعت اسلامی پاکستان کے سابق نائب امیر، معروف عالم دین، مصنف اور استاد حافظ محمد ادریس کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے تعزیتی بیان میں بشیر چوہدری نے کہا کہ حافظ محمد ادریس محبتوں کے سفیر، اصحابِ پیغمبرؐ کے احوالِ زندگی پر گہری تحقیق کرنے والے اور کتاب ’’روشنی کے مینار‘‘ کے مصنف تھے۔ وہ ایک افسانہ نگار، استاد اور بزرگ کی حیثیت سے بھی نمایاں مقام رکھتے تھے۔

بشیر چوہدری نے کہا کہ حافظ محمد ادریس پنجاب یونیورسٹی طلبہ یونین کے سابق منتخب صدر بھی رہے اور ضلع گجرات کے لیے باعثِ فخر شخصیت تھے۔ ان کی وفات سے ایک شفیق اور قابل احترام بزرگ کا سایہ سر سے اٹھ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حافظ محمد ادریس کے انتقال کی خبر انتہائی صدمہ انگیز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دل کو پہلے ہی دھڑکا لگا تھا کہ ’’موتی گرتے جاتے ہیں اور اک موتی اور گرا۔‘‘

بشیر چوہدری نے مرحوم کے لیے مغفرت، بلندی درجات اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ حافظ محمد ادریس کی دینی، علمی اور ادبی خدمات کو شرف قبولیت بخشے۔

إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ