اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران صدر مملکت اور وزیراعظم نے ملکی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے ملک میں امن و استحکام کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر تعاون اور مربوط اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کا مشترکہ وفد کل پاکستان تحریک انصاف کی قیادت سے ملاقات کرے گا۔
مشترکہ وفد میں وفاقی حکومت کی جانب سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، رانا ثناء اللہ اور امیر مقام جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے شیری رحمان، سید نوید قمر اور اعجاز جاکھرانی شامل ہوں گے۔
وفد پی ٹی آئی قیادت کے ساتھ موجودہ سیاسی صورتحال اور باہمی معاملات پر مذاکرات کرے گا۔