کوئٹہ: مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران نے ماہ رنگ بلوچ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ جب وہ ان کے علاقے میں آئی تھیں تو وہ اس وقت پنجاب میں موجود تھے۔

سردار عبدالرحمان کھیتران کے مطابق انہوں نے ماہ رنگ بلوچ کو پیغام دیا کہ وہ ان کے علاقے سے ایک گھنٹے کے اندر اندر نکل جائیں، بصورتِ دیگر صورتحال مختلف ہوسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد ماہ رنگ بلوچ ان کے علاقے سے چلی گئیں۔

سابق صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ان کے علاقے میں ماہ رنگ بلوچ سے منسوب مخصوص دوپٹے کی فروخت پر پابندی عائد ہے اور کوئی دکاندار اسے فروخت نہیں کرسکتا۔ ان کے بقول علاقے میں کسی کو یہ دوپٹہ پہننے کی بھی اجازت نہیں، خصوصاً ان کی محفل میں کوئی شخص اسے پہن کر آنے کی جرأت نہیں کرسکتا۔

سردار عبدالرحمان کھیتران نے یہ گفتگو ایک سیاسی بیان کے طور پر کی، تاہم ان دعوؤں کے حوالے سے ماہ رنگ بلوچ یا ان کے نمائندوں کا مؤقف اس بیان میں شامل نہیں ہے۔