اسلام آباد: اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے بیرئیر ہٹانے کے کیس میں تمام اعتراضات کے باوجود ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ پر فردِ جرم عائد کردی۔
کیس کی سماعت جج طاہر عباس سپرا نے کی، جس کے دوران دونوں ملزمان کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا۔
سماعت کے دوران ہادی علی چٹھہ اور ان کی وکیل زینب جنجوعہ نے اعتراض اٹھایا کہ ملزمان کو کیس کی نقول فراہم نہیں کی گئیں اور نہ ہی انہیں اپنے وکلا سے ملاقات کی اجازت دی گئی، اس لیے قانونی تقاضے پورے کیے بغیر فردِ جرم عائد نہیں کی جاسکتی۔
عدالت نے اعتراضات پر قرار دیا کہ ملزمان فردِ جرم عائد کرنے کے حکم کو چیلنج کرسکتے ہیں۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو ذاتی حیثیت میں پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے استغاثہ کے گواہوں کو بھی طلب کرلیا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی کردی۔