پشاور: ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نگار جوہر خان سے منسوب صحت کارڈ کے خاتمے سے متعلق بیان جھوٹا ہے، جبکہ پروفیسر ڈاکٹر نوشیروان برکی کی ٹرمینیشن کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا نوٹیفکیشن بھی جعلی ہے۔
ثمر ہارون بلور کے مطابق صحت کارڈ کے حوالے سے بعض عناصر عوام میں بے چینی پیدا کرنے اور پروپیگنڈا پھیلانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں اور دستاویزات پر یقین کرنے سے پہلے ان کی تصدیق ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کسی بھی قسم کی انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتی اور خیبر پختونخوا کے عوام کی خدمت اور شفاف کارکردگی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
ثمر ہارون بلور کا کہنا تھا کہ عوامی مفاد کے منصوبوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، جبکہ جہاں کہیں غفلت یا بے ضابطگی سامنے آئی، وہاں بلاامتیاز احتساب کیا جائے گا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کو ترجیح دی جائے گی اور شفافیت و میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔