اسلام آباد: داسو ہائیڈرو پاور منصوبے کے تحت پاکستان کے طویل ترین مضبوط کنکریٹ (آر سی سی) آرچ پل، برسین پل کا افتتاح کر دیا گیا۔
وفاقی وزیر آبی وسائل میاں محمد معین وٹو نے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید کے ہمراہ داسو ہائیڈرو پاور منصوبے کے دورے کے دوران پل کا افتتاح کیا۔ 225 میٹر طویل یہ پل متبادل شاہراہِ قراقرم (آر کے کے ایچ ون) پر تعمیر کیا گیا ہے۔
برسین پل دریائے سندھ کے قریب متبادل شاہراہِ قراقرم کا اہم حصہ ہے، جس کی تعمیر کا مقصد داسو ڈیم کے آبی ذخیرے میں زیرِ آب آنے والی موجودہ شاہراہ کے متبادل کے طور پر ٹریفک کی آمدورفت برقرار رکھنا ہے۔
حکام کے مطابق متبادل شاہراہِ قراقرم کا 20.4 کلومیٹر طویل حصہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے معیار کے مطابق تعمیر کیا جا رہا ہے، جسے فروری 2027ء تک ٹریفک کے لیے کھولنے کا منصوبہ ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر کو داسو ہائیڈرو پاور اور دیامر بھاشا ڈیم منصوبوں پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ انہوں نے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور تعمیراتی معیار برقرار رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔
داسو ہائیڈرو پاور منصوبہ مکمل ہونے پر دو مراحل میں مجموعی طور پر 4 ہزار 320 میگاواٹ بجلی پیدا کرے گا، جبکہ دیامر بھاشا ڈیم میں 81 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے اور 4 ہزار 500 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہوگی۔