اسلام آباد: چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاع سینیٹر محمد طلحہ محمود نے کہا ہے کہ وہ الیکشن میں شکست کے باوجود سر اٹھا کر اپنی عوام کا سامنا کرسکتے ہیں، لیکن بعض لوگ الیکشن جیتنے کے باوجود عوام سے چھپتے پھر رہے ہیں۔
اپنے بیان میں سینیٹر محمد طلحہ محمود نے کہا کہ عوام سے کیے گئے وعدے پورے نہ کرنا اور انتخابی مہم کے دوران اختیار کیے گئے بیانیے پر عمل نہ کرنا اس بات کی علامت ہے کہ منتخب نمائندے عوام کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد بھی اگر عوام کا سامنا نہیں کیا جاسکتا تو اس کی وجہ عوام سے کیے گئے وعدوں کی عدم تکمیل ہے۔ عوام اپنے نمائندوں سے جواب طلب کرنے کا حق رکھتے ہیں اور منتخب قیادت کو اپنی کارکردگی کے حوالے سے عوام کے سامنے جواب دہ ہونا چاہیے۔