اسلام آباد: بیرونِ ملک ایک شادی کی انوکھی شرط نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی، جہاں مبینہ طور پر شادی میں شرکت کرنے والے مہمانوں سے کھانے کے اخراجات بھی وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی معلومات کے مطابق، ایک جوڑے نے اپنی شادی کے ویلکم ڈنر میں شرکت کرنے والے ہر مہمان سے 40 یورو ادا کرنے کا مطالبہ کیا، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 12 ہزار روپے بنتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق شادی میں شرکت کے لیے آنے والے مہمان پہلے ہی سفر اور رہائش کے اخراجات برداشت کر رہے تھے، تاہم انہیں ویلکم ڈنر میں کھانا کھانے کے لیے الگ سے رقم ادا کرنے کی شرط بھی بتائی گئی۔

اس غیر معمولی شرط پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔ بعض افراد اسے شادی کے بڑھتے ہوئے اخراجات کم کرنے کا ایک طریقہ قرار دے رہے ہیں، جبکہ دیگر کا کہنا ہے کہ مہمانوں کو دعوت دے کر کھانے کے پیسے طلب کرنا روایتی مہمان نوازی کے تصور سے مختلف ہے۔

اس واقعے نے یہ سوال بھی اٹھا دیا ہے کہ کیا شادی کے اخراجات کم کرنے کے لیے مہمانوں سے کھانے کی رقم وصول کرنا مناسب ہے یا نہیں؟

واضح رہے کہ یہ واقعہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی معلومات پر مبنی ہے، جس کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔