تحریر : سینئر صحافی نعمت خان
پاکستان کے صوبہ پنجاب کو صحافیوں کے لیے ملک کا سب سے زیادہ خطرناک صوبہ قرار دیا گیا ہے، جہاں گزشتہ 11 ماہ کے دوران صحافیوں پر حملوں اور آزادی صحافت کی دیگر خلاف ورزیوں کے نصف سے زائد واقعات پیش آئے۔ یہ انکشاف صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے ادارے فریڈم نیٹ ورک کی تازہ رپورٹ میں کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی حکومت والے صوبہ پنجاب میں اکتوبر 2025 سے اگست 2026 تک صحافیوں پر حملوں اور دیگر خلاف ورزیوں کے 49 واقعات رپورٹ ہوئے، جو ملک بھر میں سامنے آنے والے 97 واقعات کا 51 فیصد ہیں۔
رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں 19، اسلام آباد میں 11 اور بلوچستان میں 10 واقعات رپورٹ ہوئے۔ سندھ اور آزاد جموں و کشمیر میں تین، تین جبکہ گلگت بلتستان میں دو واقعات سامنے آئے۔
فریڈم نیٹ ورک کے مطابق گزشتہ رپورٹنگ مدت میں صحافیوں کے خلاف 142 واقعات رپورٹ ہوئے تھے، جبکہ زیرِ جائزہ مدت میں یہ تعداد کم ہو کر 97 رہ گئی، جو 32 فیصد کمی ظاہر کرتی ہے۔ تاہم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ واقعات کی تعداد میں کمی کے باوجود صحافیوں کو درپیش خطرات میں کوئی خاطر خواہ بہتری نہیں آئی۔ ملک بھر میں ہر ماہ اوسطاً 10 واقعات رپورٹ ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان واقعات میں صحافتی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے دوران ایک قتل، قتل کی تین کوششیں، قتل یا جسمانی نقصان کی 18 دھمکیاں، تشدد کے 11 واقعات، 13 قانونی کارروائیاں اور قانونی کارروائی کی 32 دھمکیاں شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ڈیجیٹل اور آزاد صحافی سب سے زیادہ نشانہ بنے، جبکہ متاثرہ صحافیوں یا ان کے اہل خانہ نے تقریباً دو تہائی واقعات میں سرکاری حکام اور اہلکاروں کو مبینہ طور پر ذمہ دار ٹھہرایا۔