چکری: سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ عمران خان ان کے جگری دوست ہیں اور وہ اس وقت جیل میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی رہائی تک کسی بھی سیاسی جماعت میں شمولیت کا کوئی ارادہ نہیں، تاہم مستقبل میں سیاسی فیصلے جلد بازی کے بجائے سوچ سمجھ کر کریں گے۔
چکری میں واقع بریگیڈیئر فتح خان حویلی میں اپنے حلقے سے آئے مختلف وفود اور معززین سے ملاقات کے دوران چوہدری نثار علی خان نے ملکی سیاسی صورتحال، حلقے کے معاملات اور بلدیاتی انتخابات پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف بھی ان کے 30 سال پرانے دوست ہیں اور اگر وہ کسی سیاسی جماعت میں شامل ہونا چاہیں تو ان کے لیے تمام آپشنز کھلے ہیں، تاہم فی الحال وہ کوئی جلد بازی میں فیصلہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کی مشکلات آسان فرمائے۔
چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے حلقے کے عوام کی کشتی کے ملاح ہیں اور ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ وہ ایسا کوئی فیصلہ نہیں کریں گے جس سے عوام کی عزت پر آنچ آئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں عہدوں یا نشستوں کا لالچ ہوتا تو ماضی میں ملنے والی اہم پیشکشیں قبول کر لیتے، لیکن انہوں نے وزارت داخلہ سے استعفیٰ دے کر بھی اپنے اصولوں اور عزت پر سمجھوتہ نہیں کیا۔
بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ موجودہ حکومت انتخابات کے انعقاد سے متعلق تذبذب کا شکار ہے اور ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کر سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ہر یونین کونسل سے مضبوط امیدوار میدان میں اتاریں گے اور بھرپور تیاری کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے کر کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔
ملاقات میں سوشل میڈیا کوآرڈینیٹر راجہ شاہد محمود سمیت دھمیال، موہری غزن، چہان، سہال، مجاہد، بگرہ سیداں، چکری، کولیاں حمید، گھیلاں کلاں، گھلری، پڑیال، دوھلیال اور سنگرال سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور اپنے علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر وفود کے شرکا نے چوہدری نثار علی خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل میں جس سیاسی جماعت میں شمولیت کا فیصلہ کریں گے، حلقے کے عوام ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں چوہدری نثار کی اصولی سیاست پر فخر ہے۔