بالی ووڈ اداکارہ مادھوری ڈکشٹ کے شوہر ڈاکٹر شری رام نینے نے شادی کے 27 سال کامیابی سے گزارنے کا راز بتاتے ہوئے کہا ہے کہ میاں بیوی کے درمیان برابری، باہمی احترام اور مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ ازدواجی زندگی کو مضبوط بناتا ہے۔

بمبئی ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈاکٹر نینے نے بتایا کہ وہ اور مادھوری خوش قسمت ہیں کہ ان کی سوچ، کھانے پینے کی عادات اور طرزِ زندگی ایک دوسرے سے مطابقت رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق ان کی شادی روایتی مردانہ بالادستی کے تصور پر مبنی نہیں، بلکہ دونوں برابر کے شریک ہیں اور خاندان کی ذمہ داریاں و اختیارات باہمی طور پر تقسیم کرتے ہیں۔

ڈاکٹر شری رام نینے نے اپنی کتاب ’21 ڈیز ٹو گڈ ہیلتھ‘ کی تقریبِ رونمائی کے موقع پر ازدواجی زندگی پر گفتگو کی۔ واضح رہے کہ مادھوری اور ڈاکٹر نینے نے اکتوبر 1999ء میں شادی کی تھی۔ اداکارہ شادی کے بعد امریکا منتقل ہوگئی تھیں اور آٹھ سال کے وقفے کے بعد 2007ء میں فلم ’آ جا نچلے‘ سے بالی ووڈ میں واپس آئیں۔ دونوں نے رواں ماہ شادی کی 27ویں سالگرہ بھی منائی۔