مظفرآباد: سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ نئی نسل پاکستان کے ساتھ اپنی نظریاتی وابستگی مضبوط بنائے، کیونکہ شیخ عبداللہ کی غلطی کی سزا کشمیری آج تک بھگت رہے ہیں۔ کشمیر کا مسئلہ 77 سال پرانا ہے اور اس جدوجہد میں کشمیریوں کی بے شمار قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

وہ اپنی رہائش گاہ پر مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ ضلع جہلم ویلی کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے، جس کی قیادت راجہ قاصد محمود نے کی۔ راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر میں کشمیریوں نے جان، مال، عزت، آبرو اور عصمت تک کی قربانیاں دی ہیں۔ ریاست کے تشخص، آزاد کشمیر کو حاصل اختیارات اور کشمیر کی تقسیم کے ہر خفیہ یا اعلانیہ فارمولے کو مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب تک زندہ ہیں، لوگوں کے حقوق اور اپنے نظریات کے تحفظ کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جھوٹ اور فریب زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتے، بالآخر سچ سامنے آتا ہے اور ہمیشہ حق و سچ کی فتح ہوتی ہے۔

آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ خطے کے مسائل افہام و تفہیم سے حل کرنے کی ضرورت ہے اور کسی بھی صورت انسانی جانوں کا نقصان نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ایکشن کمیٹی کے طرزِ عمل سے آج بھی اختلاف ہے، تاہم انسانی جان کا ضیاع ایسا نقصان ہے جس کا کوئی ازالہ نہیں کر سکتا۔ معاشرے میں پیدا ہونے والے بگاڑ کے اسباب کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ سیاسی اور نظریاتی اختلاف اپنی جگہ، لیکن اختلاف کسی کی ذات سے نہیں ہونا چاہیے۔

سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے منفی رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ سوشل میڈیا نے بدتمیزی، گالم گلوچ اور تضحیک کے کلچر کو فروغ دیا ہے، جس سے معاشرے میں نفرتیں بڑھ رہی ہیں اور چھوٹوں کے ساتھ محبت اور بڑوں کا احترام متاثر ہو رہا ہے۔

انہوں نے کارکنان کو نصیحت کی کہ اگر کوئی ذاتی حملہ کرے، گالی دے یا بے بنیاد الزام لگائے تو اس کا جواب دینے سے گریز کریں، کیونکہ ایسا کرنے سے جواب دینے والے اور حملہ کرنے والے میں کوئی فرق باقی نہیں رہتا۔ اچھی بات ہمیشہ اچھے الفاظ میں بیان کرنی چاہیے اور ذاتی حملوں کے بجائے اپنے کام پر توجہ دینی چاہیے۔

آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ آزاد کشمیر کے مسائل حل فرمائے، خطے میں مزید انتشار نہ پھیلے، ملک کی حفاظت فرمائے اور اربابِ اختیار کو درست فیصلے کرنے کی توفیق عطا کرے۔