اسلام آباد: سابقہ سما ٹی وی رپورٹر اور سینئر صحافی اسلم کھوکھر ان دنوں بے روزگاری، معاشی تنگ دستی اور صحت کے مسائل کے باعث زندگی کے مشکل دور سے گزر رہے ہیں، جس پر صحافتی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔

اسلم کھوکھر اپنے صحافتی کیریئر کے دوران سما ٹی وی کے ایک باصلاحیت، محنتی اور متحرک رپورٹر کے طور پر پہچانے جاتے رہے ہیں۔ فیلڈ رپورٹنگ میں ان کے منفرد انداز، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور صحافتی جذبے نے انہیں ایک نمایاں شناخت دلائی، تاہم حالات کی تبدیلی، بے روزگاری، معاشی مشکلات اور مسلسل بگڑتی صحت نے ان کی زندگی کو مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔

اس صورتحال کو صحافتی برادری کے لیے لمحۂ فکریہ قرار دیتے ہوئے ان کے ساتھیوں نے کہا ہے کہ عوام تک خبریں اور حقائق پہنچانے والے صحافی مشکل وقت میں خود بھی توجہ اور تعاون کے مستحق ہیں۔ صحافت سے وابستہ افراد کے معاشی تحفظ، علاج معالجے اور باعزت روزگار کی فراہمی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

اس سلسلے میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس، راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس، نیشنل پریس کلب اور بالخصوص وزارت اطلاعات و نشریات سے اپیل کی گئی ہے کہ اسلم کھوکھر کی مشکلات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ان کے علاج معالجے، مالی معاونت اور روزگار کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کیے جائیں۔

صحافتی برادری سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ اپنے ساتھی کو مشکل وقت میں تنہا نہ چھوڑا جائے اور ان کی مدد کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں۔

اپیل میں کہا گیا ہے کہ جو صحافی دوسروں کے دکھ اور مسائل معاشرے کے سامنے لاتے ہیں، مشکل وقت میں ان کے مسائل سننا اور ان کی مدد کرنا بھی معاشرے کی ذمہ داری ہے۔