اسلام آباد: معروف سماجی شخصیت اور نامور ڈاکٹر حفیظ اورکزئی نے سیاسی رہنماؤں کے دوہرے معیار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست دانوں کے باہمی سیاسی اختلافات اور ذاتی تعلقات میں واضح فرق ہونا چاہیے، لیکن افسوس کہ سیاسی کارکن اس فرق کو سمجھنے کے بجائے اپنے تعلقات اور دوستیاں تک قربان کر دیتے ہیں۔

ڈاکٹر حفیظ اورکزئی کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد کے سرینا ہوٹل میں ہونے والی ایک شادی کی تقریب میں پی ٹی آئی رہنما عاطف خان کی بھتیجی کی شادی پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی ’’کرنل‘‘ اسد نیازی کے بیٹے سے ہوئی۔ تقریب میں ’’ابو جی‘‘ سے لے کر سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سمیت پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں اور دیگر سیاسی جماعتوں کی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ انہیں کسی کی ذاتی زندگی یا شادی بیاہ سے کوئی سروکار نہیں اور ہر شخص کو اپنی پسند اور فیصلے کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔ ان کا اعتراض ان سیاسی رہنماؤں کے طرزِ عمل پر ہے جو عوام کے سامنے ایک سیاسی بیانیہ پیش کرتے ہیں، جبکہ عملی زندگی میں ان کے تعلقات اور معاملات اس بیانیے سے مختلف دکھائی دیتے ہیں۔

ڈاکٹر حفیظ اورکزئی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی کارکن اپنے پسندیدہ رہنماؤں کی خاطر رشتہ داریاں ختم کر دیتے ہیں، دوستیاں توڑ دیتے ہیں، ایک دوسرے کو گالیاں دیتے ہیں اور سیاسی اختلافات کو ذاتی دشمنیوں میں تبدیل کر لیتے ہیں، حتیٰ کہ تہذیب و اخلاق کے تقاضے بھی فراموش کر دیتے ہیں۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب سیاسی رہنما خود ایک دوسرے کے ساتھ خاندانی تعلقات قائم رکھتے اور شادی بیاہ کی خوشیوں میں شریک ہوتے ہیں تو پھر کارکن سیاسی اختلافات کی بنیاد پر اپنے تعلقات کیوں تباہ کرتے ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی کارکنوں کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ سیاست دانوں کی سیاسی مخالفت اور ان کے ذاتی تعلقات دو الگ معاملات ہیں، اس لیے سیاسی اختلافات کو ذاتی دشمنیوں میں تبدیل کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔