اسلام آباد: وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے بھیجا گیا قانونی نوٹس موصول ہونے پر اس کا بھرپور اور مکمل جواب دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے نوٹس بھیجے جانے کا علم ہوا ہے اور یہ آج یا کل تک موصول ہوجائے گا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری سالک حسین نے ڈپٹی کمشنر تعینات کرنے سے متعلق الزامات کو من گھڑت قرار دیا۔ اپنے پنجاب میں کرپشن سے متعلق بیان پر انہوں نے کہا کہ یہ ان کا ذاتی مؤقف تھا اور بیان دینے سے قبل چوہدری شافع حسین سے اس حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کرپشن سے متعلق اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور اس حوالے سے دو روز قبل سامنے آنے والے بیان کو بھی دیکھا جائے، جس میں ان کے بقول پنجاب میں کرپشن کا اعتراف کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین، اینکر نعیم اشرف بٹ اور اے آر وائی انتظامیہ کو قانونی نوٹس بھجوایا ہے۔ نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ چوہدری سالک حسین نے پنجاب میں کرپشن سے متعلق الزامات عائد کیے، تاہم ان کے حق میں کوئی مستند ثبوت پیش نہیں کیا گیا، جس سے پنجاب حکومت کی ساکھ اور عوامی اعتماد کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔

دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف نے چوہدری سالک حسین کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے لیے قابل احترام ہیں، تاہم پنجاب میں کرپشن سے متعلق ان کا بیان ان کی سیاسی سمجھ سے بالاتر ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ کرپشن معاشرے کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور اسے ختم کرنا مرکزی و صوبائی قیادت کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چوہدری سالک حسین وفاقی اور پنجاب دونوں حکومتوں کا حصہ ہیں، جن کی قیادت مسلم لیگ (ن) کے پاس ہے، اس لیے انہیں مل کر کرپشن کے خلاف جدوجہد کرنی چاہیے۔ خواجہ آصف نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا کہ اگر یہ بیان مستقبل کے کسی سیاسی ایجنڈے کا حصہ ہے اور اس کے ذریعے پنجاب حکومت کو نشانہ بنا کر سیاسی جگہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے تو معاملہ سمجھ میں آتا ہے۔ انہوں نے مریم نواز کی صوبے میں جاری ترقیاتی اور عوامی خدمت کی سرگرمیوں کو بھی سراہا۔