کراچی: شہری رابطہ کونسل کے سربراہ نصرت مرزا نے کہا ہے کہ ان کی تنظیم کسی صوبے کی تقسیم کی حامی نہیں بلکہ پاکستان میں بااختیار انتظامی یونٹوں کے قیام کی حمایت کرتی ہے، تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف اور بنیادی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے صوبائی اور وفاقی حکومت کے سامنے کراچی سمیت سندھ کے مسائل کے حل کے لیے 18 نکاتی مطالبات بھی پیش کردیے۔

کراچی پریس کلب میں شہری رابطہ کونسل کے زیر اہتمام پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نصرت مرزا نے کہا کہ وہ مرکز کے ہر ایسے اقدام کی حمایت کرتے ہیں جس کے تحت ہر ضلع کو انتظامی یونٹ بنایا جائے یا بالائی اور زیریں سندھ کی بنیاد پر انتظامی اکائیاں قائم کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامی یونٹوں کے قیام کا مقصد عوام کو بہتر انتظامی سہولتیں اور انصاف کی فراہمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور ملکی معیشت میں اس کا حصہ 60 سے 70 فیصد تک ہے، لیکن اس کے باوجود شہر مسلسل عدم توجہی کا شکار ہے۔ کراچی میں اندرون سندھ سمیت پورے پاکستان سے تعلق رکھنے والے شہری آباد ہیں، اس لیے شہر کے مسائل کا حل تمام شہریوں کے مفاد میں ہے۔

نصرت مرزا نے بتایا کہ شہری رابطہ کونسل نے 29 جنوری 2026 کو صحافی برادری کی مشاورت سے اپنی سرگرمیوں کا آغاز کیا اور اپنے مطالبات حکومت کے سامنے رکھے تھے، تاہم تاحال سندھ اور وفاقی حکومت کی جانب سے ان پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ کراچی کے مسائل کے حل اور شہریوں کو حقوق کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے 18 نکاتی مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں تمام شہریوں کو مساوی حقوق دیے جائیں، کوٹہ سسٹم اور تعصب کو فروغ دینے والے قوانین کا خاتمہ کیا جائے، جبکہ جیوانی سے شاہ بندر تک نئی بندرگاہیں قائم کی جائیں اور سمندر سے تیل کے ذخائر نکالنے پر توجہ دی جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی، لوٹ مار اور اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور سیٹلائٹ نظام استعمال کیا جائے، سڑکوں کی خراب حالت بہتر بنائی جائے اور بھاری ٹرکوں کے باعث ہونے والی اموات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

مطالبات میں تاجروں کا تحفظ، صحافیوں کو مکمل آزادی، شہریوں کے جان و مال کی حفاظت، مہنگائی پر قابو پانے، نظام عدل میں بہتری، جعلی وکلا کے خلاف کارروائی، تعلیمی زوال کی روک تھام اور بنیادی طبی سہولتوں کی فراہمی بھی شامل ہیں۔

نصرت مرزا نے کہا کہ مطالبات کی منظوری کے لیے کراچی سمیت ملک بھر کی مختلف تنظیموں کے ساتھ مل کر پرامن جدوجہد کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی مصنوعی تقسیم ختم کرکے 1980 کی دہائی جیسا ماحول بحال کرنے کی کوشش کی جائے گی، جب شہری پاکستان، اسلام اور اپنے حقوق کے لیے متحد ہوکر جدوجہد کرتے تھے۔

انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں، بشمول ایم کیو ایم پاکستان اور مہاجر قومی موومنٹ، کو اس جدوجہد میں تعاون کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ شہری رابطہ کونسل ہر اس قوت کا تعاون قبول کرے گی جو پاکستان اور عوام کے حقوق کے لیے کام کرنا چاہتی ہے۔

پریس کانفرنس میں شہری رابطہ کونسل کے سیکریٹری جنرل طارق شاداب، ڈپٹی سیکریٹری جنرل ایڈووکیٹ محمد صدیق کلاڈیہ، ڈاکٹر منور حسین، شازیہ گوہر ایڈووکیٹ، پروفیسر شاہد علی، ندیم بھٹی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

بعد ازاں نصرت مرزا کی سربراہی میں شہری رابطہ کونسل کے وفد نے کراچی پریس کلب کے باہر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے زیر اہتمام احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا اور صحافیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

پی ایف یو جے کی جانب سے جاری احتجاجی تحریک میں صحافیوں کے معاشی استحصال، جبری برطرفیوں، پیکا جیسے قوانین اور سنسرشپ کے خاتمے کے مطالبات کیے جا رہے ہیں۔ شہری رابطہ کونسل کے وفد نے صحافی برادری کی جدوجہد کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔