پشاور: خیبر پختونخوا کی مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے اپنی نجی زندگی کے تلخ واقعات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کم عمری میں شادی کے بعد وہ شہزادیوں جیسی زندگی گزار رہی تھیں، تاہم سسر بشیر احمد بلور اور شوہر ہارون بلور کی شہادت نے ان کی زندگی مکمل طور پر بدل دی۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے بتایا کہ ان کی شادی پشاور میں محض 18 سال کی عمر میں ہوئی تھی۔ شادی کے وقت ان کے شوہر کوئی کام نہیں کرتے تھے اور وہ ایک خوشحال اور پرسکون زندگی گزار رہی تھیں، لیکن بعد میں حالات نے ایسا رخ اختیار کیا کہ انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ 2012 میں ان کے سسر بشیر احمد بلور جبکہ 2018 میں ان کے شوہر ہارون بلور کو شہید کردیا گیا۔ ان واقعات کو یاد کرتے ہوئے وہ اپنے جذبات بیان نہیں کرسکتیں۔ ان کے بقول ان سانحات کے بعد ان کی زندگی پہلے جیسی خوبصورت نہیں رہی۔

ثمر ہارون بلور کا شمار خیبر پختونخوا کی نمایاں سیاسی شخصیات میں ہوتا ہے، جنہوں نے ذاتی زندگی کے بڑے سانحات کے بعد سیاست میں قدم رکھا۔ 2018 میں شوہر ہارون بلور کی شہادت کے بعد انہوں نے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے ٹکٹ پر انتخاب لڑا اور پشاور کے حلقے سے کامیابی حاصل کی۔

اس انتخاب میں ان کا مقابلہ پاکستان تحریک انصاف کے عرفان سلمان سے ہوا، جس میں ثمر ہارون بلور نے تقریباً 20 ہزار ووٹ حاصل کرکے کامیابی اپنے نام کی، جبکہ ان کے مخالف امیدوار کو تقریباً 16 ہزار ووٹ ملے۔ اس کامیابی کے ساتھ وہ 16 سال بعد بیگم نسیم ولی خان کے بعد خیبر پختونخوا اسمبلی کی جنرل نشست پر منتخب ہونے والی پہلی خاتون بن گئیں۔

ثمر ہارون بلور 2018 سے 2023 تک خیبر پختونخوا اسمبلی کی رکن رہیں اور بعد ازاں اے این پی کی صوبائی سیکریٹری اطلاعات کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ تاہم 2025 میں انہوں نے اے این پی چھوڑ کر پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرلی، جس کے بعد وہ مخصوص نشست پر قومی اسمبلی کی رکن منتخب ہوئیں۔

خیبر پختونخوا میں نئے سیاسی انتظامی سیٹ اپ کے قیام کے بعد ثمر ہارون بلور کو مشیر اطلاعات کی ذمہ داریاں سونپی گئیں۔

سیاسی پس منظر کے حوالے سے ثمر ہارون بلور کا تعلق ایک بااثر سیاسی خاندان سے ہے۔ ان کے والد عرفان اللہ خان مروت سندھ کی سیاست کا معروف نام ہیں، جو دو مرتبہ کراچی سے سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور صوبائی و وفاقی سطح پر اہم وزارتوں پر بھی فائز رہے۔ وہ سابق صدر غلام اسحاق خان کی نواسی ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا بھی سابق صدر غلام اسحاق خان کے نواسے ہیں اور رشتے میں ثمر ہارون بلور کے خالہ زاد بھائی ہیں۔

ثمر ہارون بلور کے دو بیٹے دانیال بلور اور باصم بلور ہیں۔