اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما عابد شیر علی نے کہا ہے کہ نواز شریف کی نااہلی سے ایک روز قبل ملک میں روٹی 5 روپے، ڈالر 103 روپے، پیٹرول 65 روپے، چینی 50 روپے، گھی 110 روپے اور 20 کلو آٹے کا تھیلا 600 روپے میں دستیاب تھا۔
اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) بیان میں عابد شیر علی نے کہا کہ اس کے بعد تبدیلی کے نام پر پاکستان کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا اور ایک ناکام تجربہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ملک میں جلاؤ گھیراؤ، تشدد اور شہر بند کرنے کی سیاست شروع ہوئی، جبکہ پاکستان کی ترقی کا سفر رک گیا۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اس دور کے حالات کا حساب کون دے گا اور اس کا ذمہ دار کون تھا؟ اس وقت کے معاملات کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔
عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے دن رات کوششیں جاری ہیں، تاہم تبدیلی کے نام پر ملک کو نقصان پہنچانے والے کرداروں کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔