اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال کی تازہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے یورپ میں ہونے والے آئندہ آر فور اور آر فور پلس ای فور اجلاسوں کے حوالے سے بھی بات چیت کی اور علاقائی امور پر باہمی رابطوں کو مضبوط بنانے سمیت خطے میں امن و استحکام کے لیے کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا۔

گفتگو کے دوران مصری وزیر خارجہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو قاہرہ کے دورے کی دعوت کا اعادہ کیا، جس پر اسحاق ڈار نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دعوت کا مثبت جواب دیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔